گیسوئے مشکیں کے خوابوں پر خُتن صدقے کروں ۔ لیاقت علی عاصم

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


شاعر: لیاقت علی عاصم

نعت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

گیسوئے مشکیں کے خوابوں پر خُتن صدقے کروں

سرخئ لب کے تصور میں یمن صدقے کروں


دھیان میں آئے جو دندانِ مبارک کی چمک

آفتابِ عمر کی ایک اک کرن صدقے کروں


کالی کملی پر فدا ہر عیشِ سنجاب و سمور

بوریے پر ہر سکونِ جان و تن صدقے کروں


سایۂ سرکارپر دنیا کا ہر سایا نثار

قامت اطہر پہ ہر سرو سمن صدقے کروں


خلوت صلِّ علیٰ کے دم سے ہے یہ انجمن

خلوت صلِّ علیٰ پر انجمن صدقے کروں


احمد و یٰسین و طٰہٰ کیا پکاروں کیا کہوں

کس پہ واروں ناطقہ کس پر دہن صدقے کروں


اپنے آقا کا تبسم یاد ہے عاصم مجھے

کیوں نہ ہر خارِ زمانہ پر چمن صدقے کروں


رسائل و جرائد جن میں یہ کلام شائع ہوا[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

نعت رنگ ۔شمارہ نمبر 25