گو ترقی پہ جمالِ مہِ کامل ہووے ۔ کفایت علی مراد آبادی

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


شاعر: کفایت علی مراد آبادی

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

گو ترقی پہ جمالِ مہِ کامل ہووے

منہ تو دیکھو کہ ترے منہ کے مقابل ہووے


ماہ کیا، سامنے گر آپ کے خورشید آئے

دعوٰیِ نور سے خجلت اسے حاصل ہووے


کیا یہ خورشید کہ خورشیدِ قیامت ہو اگر

روبرو آپ کے رہنا اسے مشکل ہووے


شانِ اجلال پہ آجائیں اگر وہ رخسار

کس کو طاقت ہے کہ اس وقت مقابل ہووے


یاں خوش آیا نہیں جز ذکرِ گلِ عارضِ پاک

نغمہِ عود ہو یا صوتِ عنادل ہووے


مِلکِ دنیا کو وہ کیا خاک میں لے کے ڈالے

جو کوئی دولتِ دیدار کا سائل ہووے


آہ برباد نہ ہو جائے مرا نالہ و آہ

آہ کے ساتھ نہ گر جذبہِ کامل ہووے


اب تو بے ڈھب دلِ حسرت زدہ گھبراتا ہے

یا الٰہی! شبِ فرقت کہیں زائل ہووے


لائیں گر آپ کی تصویر نکیر و منکر

کیا عجب گور مری خلد کی منزل ہووے


ہے تمنا یہی دن رات کہ روزِ محشر

دستِ کافؔی میں ترا پایہِ محمل ہووے


مزید دیکھیے[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

کفایت علی مراد آبادی | اے شہِ کون و مکاں، ذات تری صلِّ علٰی ۔ کفایت علی مراد آبادی