چونتیسویں مشاعرے کی مفصل کارروائی کی رپورٹ ۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی دانش

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search

Temp Zulfiqar.jpg


از ذوالفقار علی دانش


با اشتراک ادارہ دنیائے نعت اور چوپال پاکستان نعت فورم


محفلِ نعت حسن ابدال کا چونتیسواں ماہانہ نعتیہ مشاعرہ[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]


زیرِ صدارت : جناب ریاض الاسلام عرش ہاشمی
مہمان خصوصی : جناب شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ
میزبان : جناب حسین امجد ، جناب سید نصرت بخاری
نظامت  : سید نصرت بخاری
مقام : گورنمنٹ کالج اٹک
تاریخ : اتوار 29 ستمبر 2019 – بمطابق 29 محرم الحرام 1441ھ

اپنے ادارے کی نعتیہ سرگرمیاں، کتابوں کا تعارف اور دیگر خبریں بھیجنے کے لیے رابطہ کیجئے۔Email.png Phone.pngWhatsapp.jpg Facebook message.png

Youtube channel click.png

شرکائے مشاعرہ[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

محفل میں شرکت کرنے والے شعرائے کرام کے اسمائے گرامی درجہ ذیل ہیں




اسلام آباد سے جناب عرش ہاشمی ، جناب چوہدری عبدالرشید گوجری ، ٹیکسلا سے جناب تصور حسین تصور ، برہان سے جناب ظفر برہانی ، کامرہ سے عقیل ملک ، جناب حافظ عبد الغفار واجد ، فتح جنگ سے جناب داؤد تابش ، اٹک سے جناب شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ ، سعادت حسن آس ، جناب سجاد حسین سرمد ، جناب احسان الہی احسن ، جناب نزاکت علی نازک ، جناب حب دار قائم ، جناب نصرت بخاری اور جناب حسین امجد ، اور حسن ابدال سے صدر محفلِ نعت حسن ابدال جناب ناظم شاہجہانپوری اور سیکرٹری محفلِ نعت ڈاکٹر ملک ذوالفقار علی دانش ۔


مشاعرے کی کاروائی[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

"نعت کائنات " پر اپنے تعارفی صفحے ، شاعری، کتابیں اور رسالے آن لائن کروانے کے لیے رابطہ کریں ۔ سہیل شہزاد : 03327866659



نبی کریم رؤوف الرحیم ﷺ کی مدح و ثنا کا سلسلہ ازل سے جاری ہے اور تا ابد جاری و ساری رہے گا کیونکہ خود مالکِ دوجہاں کا اپنے حبیب کے ذکر کو بلند کرنے کا وعدہ ہے اور اللہ اپنے وعدوں کے خلاف نہیں کیا کرتا ۔ کائناتِ ارضی کے طول و ارض میں حضرتِ مسلمان کے لبوں پر نعتِ محمدی کے نغمات کہیں نہ کہیں جاری و ساری رہتے ہیں اور کیوں نہ ہوں کہ نہ صرف اللہ اپنے حبیب کے ذکر سے خوش ہوتا ہے بلکہ اپنے نبی کے مدحت گزاروں کو روزافزوں انعامات سے بھی نوازتا رہتا ہے ۔ چشموں کی سرزمین حسن ابدال اور گرد و نواح میں نعتیہ ادب کے فروغ کے لیے قائم تنظیم محفل نعت پاکستان حسن ابدال علاقہ ہذا میں گزشتہ 33 ماہ سے حمد و نعت کے پھول بکھیرتی چلی آ رہی ہے ۔ انھی نعتیہ خدمات کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے اس ماہ چونتیسواں مسلسل ماہانہ نعتیہ مشاعرہ ادارہ دنیائے نعت اور ملک گیر ادبی تنظیم چوپال پاکستان کے نعت فورم کے اشتراک سے ماہِ محرم الحرام کے آخری ایامِ بابرکت میں بتاریخ 29 ستمبر 2019 بمطابق 29 محرم الحرام 1441 ھجری بروز اتوار گورنمنٹ کالج اٹک میں مجلہ ذوق اٹک کی انتظامیہ کے زیرِ انتظام منعقد ہوا ۔ کیفیات سے بھرپور اس بابرکت محفل کی صدارت اسلام آباد سے بطورِ خاص محفل کے لیے تشریف لانے والے مرکزی سیکرٹری محفلِ نعت پاکستان اسلام آباد جناب ریاض الاسلام عرش ہاشمی نے کی ۔ یہ امر دلچسپی سے خالی نہیں کہ صدرِ محفل اسی کالج سے کئی عشرے قبل فارغ التحصیل ہوئے جس کا انھوں نے اپنے صدارتی خطاب میں ذکر بھی فرمایا ۔ اس موقع پر اٹک سے تعلق رکھنے والے معروف شاعر، ملک گیر شہرت کے حامل وکیل اور سیاست دان جناب شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ مہمانِ خصوصی تھے ۔ محفل کی نظامت میزبانِ محفل جناب سید نصرت بخاری نے کی ۔ ٹھیک 11۔بجے دن،مشاعرے کا آغاز کیا گیا جس میں تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت ۔حافظ عبدالغفار واجد نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول ﷺ کی سعادت جناب حسین امجد کے حصے میں آئی۔ یاد رہے کہ یہ محفل جناب حسین امجد اور جناب نصرت بخاری کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہوئی ۔ اس موقع محرم الحرام کی نسبت سے حمد و نعت کے ساتھ ساتھ بارگاہِ امامِ عالی مقام رضی اللہ عنہ اور شہدائے کربلا کے حضور سلام و مناقب کے نذرانے بھی پیش کئے گئے ۔ محفل کے آغاز میں جناب ںصرت بخاری نے ضلع اٹک میں نعت پر ہونے والے کام کا سرسری جائزہ پیش کیا ۔ حضرت نذر صابری مرحوم کی نعتیہ خدمات ، ان کی تنظیم محفل شعرو ادب کے نعتیہ ادب میں مرکزی کردار کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا ۔ اس کے ساتھ ساتھ سید صابر حسین شاہ بخاری کے انتخاب ’’ضلع اٹک کے نعت گو شعرا‘‘ ، سید شاکر القادری کے مجلہ فروغِ نعت اور دھنک رنگ (نعت نمبر ) کا بطورِ خاص ذکر کیا گیا ۔ اس موقع پر میزبانِ محفلل نے محفل نعت حسن ابدال کے بانی و سیکرٹری ڈاکٹر ذوالفقار علی دانش کو شاندار الٖفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جو بیماری کے باوجود محفل نعت کی سرگرمیاں بحال رکھے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی دانش نے اس موقع پر محفل نعت پاکستان حسن ابدال اور ادارہ دنیائے نعت کے تعارف اور اغراض و مقاصد کو بالتفصیل اراکینِ محفل کے گوش گزار کیا۔ شرکائے محفل میں سید مونس رضا ، وصی السلام ہاشمی اور محمد ایاز نے بھی بطورِ سامع شرکت کی ۔ صاحب صدارت جناب عرش ہاشمی نے مرکزی تنظیم محفل نعت پاکستان اسلام آباد کی 31سالہ خدمات پر اپنٍے صدارتی خطبے میں روشنی ڈالی ۔ انھوں نے بطورِ خاص محفل کے انعقاد ، عمدہ انتظامات و اہتمام پر منتظمین اور میزبانان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور شرکائے محفل کے عمدہ کلام کو سراہا ۔ انھوں نے اہلِ اٹک کے نعتیہ خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئیندہ بھی اہلِ اٹک محفلِ نعت کی میزبانی کا شرف حاصل کرتے رہیں گے ۔ انھوں نے محفل کے اختتام پر فروغِ نعت کے اس سفر کی مزید کامیابی و کامرانی کے لیے خصوصی دعا کی ۔



"نعت کائنات"پر غیر مسلم شعراء کی شاعری کے لیے بھی صفحات تشکیل دیے گئے ہیں ۔ ملاحظہ فرمائیں : غیر مسلم شعراء کی نعت گوئی

مشاعرے میں پیش کیے گئے گلہائے عقیدت[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

اس مبارک محفل میں پیش کئے گئے منتخب گلہائے نعت ملاحظہ کیجیئے




عرش ہاشمی ( صدرِ محفل )


پہلے رہتا تھا بے چین اور مضطرب ، کب مرا دل کبھی ایسے تھا مطمئن

محفلِ نعت میں جیسے رکھتی ہے اب ، مدحتِ شاہِ ہر دوسرا مطمئن

آپ کی شانِ والا کا عرفان ہے ، کب کسی کا کلام ان کے شایان ہے

کیا ادا ہو سکے عرش مدحت کا حق ، کیا کرے کوئی حرفِ ثنا مطمئن


شیخ احسن الدین ( مہمانِ خصوصی )


آپ کا ذکر تو ارفع بلند و بالا ہے

سوچ میں قوتِ پرواز کہاں سے لاؤں

اک تمنا ہے کہ بڑھتی ہی چلی جاتی ہے

آپ کے روئے مبارک کی تلاوت کر لوں


ناظم شاہجہانپوری ( صدرِ محفلِ نعت حسن ابدال )


حسین شب کی سیاہی میں صبح کی تنویر

حسین ظلم کے پاؤں میں عدل کی زنجیر

میانِ باطل و حق تُو ہے اک خطِ تنسیخ

کھچی ہو جیسے اندھیرے میں روشنی کی لکیر


عبدالرشید چوہدری


راہ تیں کَنڈا چایا کس نے

پیار کا پُھل کھلایا کس نے

جگ نا کس نے روشن کہیو

پیار کا دیپ جلایا کس نے


احسان الہی احسن


حضور ! آپ کے صدقے بہار نعت پہ ہے

ہمارے حشر کا دار و مدار نعت پہ ہے

ثنائے مرسلِ احمد ہے رزق احسن کا

اگر ہے زندہ تو یہ خاکسار نعت پہ ہے


سجاد حسین سرمد


بیٹھے بیٹھے تیرے روضے کی زیارت ہو جائے

کاش حاصل مجھے وہ قوتِ بینائی ہو

لے خبر امتِ مرحوم کی اے رہبرِ دیں  !

دُور اس دَور سے افسُونِ کلیسائی ہو


حسین امجد


حضور  ! آپ کا لطف و کرم ہو ساتھ اگر

تو لفظ لفظ کو خوشبو سے بھر بھی سکتا ہوں

حضور ! آپ کے ابرو کی ایک جنبش سے

میں بابِ خلدِ بریں سے گزر بھی سکتا ہوں


عقیل ملک


نعت انداز کیا دل کو سرِ گنبدِ سبز

عین ممکن ہے در آئے اثرِ گنبدِ سبز

آپ کے نام کی نسبت کا سبب ہے کہ عقیل !

کاسۂ چشم میں آیا ہے زرِ گنبدِ سبز


حب دار قائم


کر کے حضور میری شفاعت چلے گئے

مسحور سی مہک مرے مدفن میں رہ گئی

آتا نہیں ہے مجھ کو یہ مدحت سنوارنا

شایاں نہیں ہے ان کے ، کمی فن میں رہ گئی


داؤد تابش


کیا خوب محبت کی جزا دی ہے خدا نے

مدحت میری پہچان بنا دی ہے خدا نے

رسوا بھی ہوا دشمنِ سبطین ، فنا بھی

حیدر کے پسر  ! تجھ کو بقا دی ہے خدا نے



حافظ عبدالغفار واجد


فزوں ہے دل میں مرے دم بدم حسین کا غم

کسی بھی طور نہیں ہوتا کم حسین کا غم

دلوں میں زندہ و جاوید جو رہے گا سدا

بس ایک غم ہے ، فقط ایک غم ، حسین کا غم


ظفر برہانی


کردارِ لازوال کا شہکار بے مثال

تخلیقِ کائنات کا سب بانکپن تمام

قصرِ ایمان و دین کی بنیاد تیرا عشق

ایماں ہے تیرے نقشِ قدم کی لگن تمام


سعادت حسن آس


مرے رسول نے جاری وہ انقلاب کیا

جہانِ دہر کے ہر خار کو گلاب کیا

فصیلِ چشم پہ تارے بکھیرنے والے

مرے کریم نے ذرّوں کو آفتاب کیا


نزاکت علی نازک


پشت پہ بیٹھے ہیں شبیر بڑے ناز کے ساتھ

اور سجدے میں ہے کس شان سے نانا ان کا

کر کے اعمال سبھی جائیں گے جنت نازک !

میں بھی جاؤں گا ، مگر ان کا بہانہ کر کے


تصور حسین تصور

سانس چلتی ہے ذکر سے تیرے

دل ترے نام پر دھڑکتا ہے

مدینے کی گلی میں جب چلوں گا

میں ذرہ ہوں ستارہ پھر بنوں گا



ڈاکٹر ذوالفقار علی دانش ( سیکرٹری محفلِ نعت حسن ابدال )


مرا نصیب کہ نظم و غزل میں رہتے ہوئے

میں صبح و شام تری مدح کے حصار میں ہوں

چنا گیا ہوں میں دانش  ! ثنا گری کے لیے

خدا کا شکر کہ میں بھی کسی شمار میں ہوں



نصرت بخاری ( ناظمِ مشاعرہ )


رسولِ پاک کے یاروں کی بات لکھتا تھا

رسول زادی کی ہر دم صفات لکھتا تھا

حسن حسین کے نانا کی نعت لکھتا تھا

انھیں کے لطف و عنائت کی اس پہ بارش ہے

اسے نہ چھیڑیے اس کی بڑی سفارش ہے

مزید دیکھیے[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

اپنے ادارے کی نعتیہ سرگرمیاں، کتابوں کا تعارف اور دیگر خبریں بھیجنے کے لیے رابطہ کیجئے۔Email.png Phone.pngWhatsapp.jpg Facebook message.png

Youtube channel click.png
مشاعرہ ادارہ / زیر سر پرستی روپورٹ
چوتھی سالانہ محفلِ کشورِ نعت نعت لائبریری، شاہدرہ ، یوسف ورک قادری ارسلان ارشد
نعت لائبریری، شاہدرہ کی 43 ویں ماہانہ محفلِ کشورِ نعت نعت لائبریری، شاہدرہ ، یوسف ورک قادری ارسلان ارشد
اپریل 2020 ۔ 40 ویں ماہانہ محفلِ کشورِ نعت نعت لائبریری، شاہدرہ ، یوسف ورک قادری ارسلان ارشد
انتالیسویں مشاعرے کی مفصل کارروائی کی رپورٹ ۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی دانش ادارہ محفلِ نعت پاکستان، حسن ابدال اور چوپال ذوالفقار علی دانش
فروری 2020 ۔ 38 ویں ماہانہ محفلِ کشورِ نعت، شاہدرہ نعت لائبریری، شاہدرہ ، یوسف ورک قادری ارسلان ارشد
جنوری 2020 ۔ 37 ویں ماہانہ محفلِ کشورِ نعت، شاہدرہ نعت لائبریری، شاہدرہ ، یوسف ورک قادری ارسلان ارشد
سینتیسویں مشاعرے کی مفصل کارروائی کی رپورٹ ۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی دانش ادارہ محفلِ نعت پاکستان، حسن ابدال اور چوپال ذوالفقار علی دانش
تیسری سالانہ محفلِ کشورِ نعت نعت لائبریری، شاہدرہ ، یوسف ورک قادری ارسلان ارشد
اکتوبر 2019 ۔ 34 ویں ماہانہ محفلِ کشورِ نعت نعت لائبریری، شاہدرہ ، یوسف ورک قادری ارسلان ارشد
"نعت کائنات " پر اپنے تعارفی صفحے ، شاعری، کتابیں اور رسالے آن لائن کروانے کے لیے رابطہ کریں ۔ سہیل شہزاد : 03327866659
نئے صفحات