وہ دل جس میں عشق رسول خدا ہے ۔ درد اسعدی

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


شاعر: درد اسعدی

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

وہ دل جس میں عشقِ رسولِ خدا ہے

بہت محترم ہے بڑے کام کا ہے


حقیقت میں یہ صدقہ مصطفا ہے

خدا سے مرا سلسلہ جا ملا ہے


نظر جس میں آتا ہے حُسنِ محمد

مرے پاس ایسا بھی اک آئینہ ہے


کبھی ان کے روضہ سے باہر نہ آیا

تخیّل ہمیشہ مقیّد رہا ہے


وہ ہستی رسولِ خدا کی ہے ہستی

زمانہ کا جس نے احاطہ کیا ہے


کہاں پاوؔں رکھے گا اُس سر زمیں پر

مسافر مدینے کا یہ سوچتا ہے


کبھی درد کو آپ اپنا کہیں گے

اسی آرزو میں وہ زندہ رہا ہے