مصطفی آپ ہیں مجتبی آپ ہیں میرے رب کے ہیں دلبر خدا کی قسم ۔ اعجاز سہروردی

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search

شاعر: اعجاز سہروردی

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

مصطفیٰ آپ ہیں مجتبیٰ آپ ہیں میرے رب کے ہیں دلبر خدا کی قسم

آپ ہی تو ہیں دھڑکن مرے قلب کی آپ ہی تو ہیں سرور خدا کی قسم


جس نے پھیرا ہے منہ آپ سے مصطفیٰ اس سے پھیرا ہے منہ رب نے اے مجتبیٰ

آپ کے در سے عرفانِ باری ملا، آپ ہی تو ہیں رہبر خدا کی قسم


دل سے کرتے ہیں جو مدحتِ مصطفیٰ، ان کو دیتا ہے انعام ربُّ العلیٰ

رفعتِ شانِ حسّان دیکھو ذرا، مل گیا ان کو منبر خدا کی قسم


شافعِ روزِ محشر ہیں صرف آپ ہی، رُخ ہے سب امتوں کا انہیں کی طرف

ہیں یقیاً سبھی کی پناہ گاہ وہی، ہاں وہی تو ہیں محور خدا کی قسم


چومتے تھے جنہیں مصطفیٰ اور علی، ہے حسین وحسن کی تو عظمت بڑی

مہکے سارے جہاں آپ کی آل سے، ہیں یہی مشک وعنبر خدا کی قسم


ہیں مذاہب بہت ان کے راہب بہت، مصطفیٰ کا مگر دین ہی اور ہے

ہے ہمارے نبی کا نظام اور ہی، ہے یہی سب سے بہتر خدا کی قسم


حکمِ رب سے کروں اتّباعِ نبی، کرنا ان ہی کے در کی سدا چاکری

دل سے اعجاز جس نے بھی کی عاجزی ہوگیا وہ سکندر خدا کی قسم