سلام اس ذات اقدس پر، سلام اس فخر دوراں پر۔ پنڈت جگن ناتھ آزاد
شاعر: پنڈت جگن ناتھ آزاد
نعت ِ رسول ِ کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]
سلام اس ذات اقدس پر، سلام اس فخر دوراں پر
ہزاروں جس کے احسانات ہیں دنیائے امکاں پر
سلام پر جو حامی بن کے آیا غم نصیبوں کا
رہا جو بیکسوں کا آسرا، مشفق غریبوں کا
مددگار و معاون بےبسوں کا، زیردستوں کا
ضعیفوں کاسہارا اور محسن حق پرستوں کا
سلام اس پر جو آیا رحمتہ للعالمیں بن کر
پیام دوست لے کر، صادق الوعد و امیں بن کر
سلام اس پر کہ جس کے نور سے پرنور ہے دنیا
سلام اس پر کہ جس کے نطق سے مسحور ہے دنیا
سلام اس پر کہ جس نے بے زبانوں کو زباں بخشی
سلام اس پر کہ جس نے ناتوانوں کو تواں بخشی
سلام اس پر جلائی شمع عرفاں جس نے سینوں میں
کیا حق کے لیئے بیتاب سجدوں کو جبینوں میں
سلام اس پر بنایا جس نے دیوانوں کو فرزانہ
مئے حکمت کا چھلکایا جہاں میں جس نے پیمانہ
بڑے چھوٹے میں جس نے اک اخوت کی بنا ڈالی
زمانے سے تمیز۔ بندہ و آقا مٹا ڈالی
سلام اس پر فقیری میں نہاں تھی جس کی سلطانی
رہا زیر قدم جس کے شکوہ وفر خاقانی
سلام اس پر جو ہے آسودہ زیر گنبد خضری
زمانہ آج بھی ہے جس کے در پر ناصیہ فرسا
سلام اس پر کہ جس نے ظلم سہہ سہہ کر دعائیں دیں
وہ جس نے کھائے پتھر، گالیاں، اس پر دعائیں دیں
سلام اس ذات اقدس پر حیات جاودانی کا
سلام آزاد کا، آزاد کی شیریں بیانی کا
(مجموعہ کلام : بیکراں)
شراکتیں[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]