رحم کُن بر حالِ من اے سیّدِ خیرُالاَنَام ۔ ذوالفقار علی دانش

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


شاعر: ذوالفقار علی دانش

نعت ِ رسول ِ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ماخذ میں ترمیم کریں]

رحم کُن بر حالِ من اے سیّدِ خیرُالاَنَام  !

من غلام ابنِ غلام ابنِ غلام ابنِ غلام


آپ کی رحمت کو ممکن ہی نہیں ہرگز زوال

رحمَتَ الِّلعَالَمِیں  ! ہے آپ کی رحمت مدام


آپ ہی لاریب ہیں بعد از خدا ذی مرتبہ

تھا کوئی پہلے ، نہ ہوگا ، آپ سا عالی مقام


نُورِ اوّل ہیں وہی ، اس پر ہیں سب ہی متّفق

وہ حبیبِ حق تعالیٰ ہیں ، نہیں اس میں کلام


نُورِ حق سے ضوفشاں اُن کا جمالِ بے مثال

پھینک دوں قدموں سے اُن کے وار کر عالم تمام


لاج رکھئے گا مری بھی حشر میں یا مصطفےٰ !

آپ کے کھربوں غلاموں میں ہُوں میں بھی اک غلام


وہ کرم فرماتے ہیں تو نعت کہہ لیتا ہوں میں

ورنہ ممکن ہی کہاں تھا کہنا کچھ ایسا کلام


ہے خدا کا شکر ، اُن کا اُمّتی پیدا کیا

ہے محمد کے غلاموں میں مرا بھی ایک نام


اس سے بڑھ کر خوش نصیبی ہوگی کیا ، ہم کو اگر

حشر میں سرکار کے ہاتھوں ملے کوثر کا جام


ہو کرم کی اک نظر مجھ پر حبیبِ کبریا

جا بنامِ مصطفےٰ لے کے صبا میرا پیام


ہم کو مل جائے شفاعت مصطفےٰ کی حشر میں

ہے یہی دل کی تمنّا ، ہے یہی عرضِ تمام


بے نہایت رحمت اُن کو بخشی ہے اللہ نے

تا ابد حاصل رہے گا اُن کی رحمت کو دوام


ہو گزر جب بھی تمہارا کوئے طیبہ سے نسیم !

پیش کرنا عاجزانہ اُن کو دانش کا سلام


مزید دیکھیے[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

پچھلا کلام | اگلا کلام | ذوالفقار علی دانش کی حمدیہ و نعتیہ شاعری | | ذوالفقار علی دانش