دلاور علی آزر کا تازہ نعتیہ مجموعہ

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


اپنے ادارے کی نعتیہ سرگرمیاں، کتابوں کا تعارف اور دیگر خبریں بھیجنے کے لیے رابطہ کیجئے۔Email.png Phone.pngWhatsapp.jpg Facebook message.png

Youtube channel click.png

"سیدی"دلاور علی آزر کا دوسرا نعتیہ مجموعہ ہے، اس سے قبل "نقش" بے انتہا پزیرائی حاصل کر چکا ہے ۔ دلاورصاحبِ اسلوب شاعر ہیں، جس خوبصورتی سے غزل کہتے ہیں اسی خوبصورتی سے نعت بھی کہتے ہیں ۔ دلاورکی شاعری سلاست سے بھری پڑی ہے موصوف سلیس مصرعوں میں بڑا خیال ڈھالنے میں مہارت رکھتے ہیں۔

نعت کہنا کوہِ گراں سر کرنے کے مترادف ہے، اس لیے کہ شاعر نے طائرِ تخیل کو اتنی بلند پروازی سے بھی روکنا ہے کہ غلو کے درجہ کو پہنچ جائے اور اتنا پست بھی نہیں ہونے دینا کہ ان کی شان میں گستاخی صادر ہونے کا امکان پیدا ہو جائے۔


جانتے ہی نہیں رتبہ اُن کا

نعت میں لوگ غلو کرتے ہیں


پاسِ آداب ہے آزرؔ ہم کو

ہم کہاں آپ کو تُو کرتے ہیں


نعت ربِ کریم کے فضل اور صاحبِ نعت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے عطا ہوتی ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ از حد ریاضت کا ہونا بھی لازم ہے ـ


لفظ ترتیب سے رکھنے ہیں سرِ لوحِ سخن

نعت لکھنی ہے محبت میں قرینے سے مجھے


لفظ ترتیب سے رکھنا اور نعت قرینے سے لکھنا ریاضت اور عشق کے بغیر ناممکن ہے، "سیدی" میں موجود ہر ہر شعر جس خوبصورتی اور سلیقے سے کہا گیا ہے اس سے دلاور بھائی کی ریاضت واضح ہے۔ اس ضمن میں متعدد اشعار پیش کیے جا سکتے ہیں لیکن خدشۂ طوالتِ تحریر کے پیشِ نظر ایک ہی شعر پر اکتفا کروں گا۔


زخم چِھلتے ہوئے سِلتے ہیں جنوں میں دل کے

پھول کِھلتے ہوئے مِلتے ہیں پسینے سے مجھے


اس شعر کی کیا تعریف کی جائے ۔۔۔ زخم چِھلتے ہوئے سِلنا اور پھول کھلتے ہوئے مِلنا کو کس خوبصورتی سے برمحل استعمال کیا ہے کہ الفاظ کا حق ادا ہوگیا-الفاظ کی نشست و برخاست دیکھئیے ۔۔۔ سبحان اللہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ شعر اس سے بہتر انداز اور اُسلوب میں کہا ہی نہیں جا سکتا تھا۔


دلاور محبتِ ختم الرسل صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں مست ہو کر ایسی ایسی نعت کہتے ہیں کہ قاری اش اش کر اُٹھتا ہے۔ متعدد اشعار ایسے ہیں جو ذہن کے قرطاس پر رقم ہو چکے ہیں۔دلاورکا بہت شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس قیمتی تحفے سے نوازا اور خالقِ صاحبِ نعت علیہ الصلوۃ والسلام کی بارگاہ میں دعا گو ہوں کہ وہ "سیدی" کو اذنِ مقبولیت عطا فرمائے ۔ الہی آمین

آخر میں "سیدی" سے چند اشعار پیش کرتا ہوں، پڑھیے اور حظ اٹھائیے:

رہتی ہے ایک لَو کہیں مدغم درود میں

کہتا ہے اک چراغ ہَوا کی طرف ہوں میں

۔۔۔۔۔۔


رکھا جو آپ نے ترتیبِ نَو میں دھڑکن کو

ملا جو دل کو اشارہ درود پڑھنے لگا

۔۔۔۔۔۔


نعت کہتے ہوئے کب تھا مجھے اندازۂ نعت

ہر سخن ساز پہ کھلتا نہیں دروازۂ نعت


دھڑکنیں اسمِ محمد میں سمٹ جاتی ہیں

دل بکھرنے نہیں دیتا کبھی شیرازۂ نعت


ختم ہوتے کہیں دیکھے نہیں آثار اِس کے

بند ہوتے کبھی دیکھا نہیں دروازۂ نعت


۔۔۔۔۔۔


نہیں ہے اس سے زیادہ مری کوئی اوقات

میں ان کے در کا گداگر ہوں بات ختم ہوئی


صدائے کن سے شروعات کی گئی آزرؔ

درود پڑھتے ہوئے کائنات ختم ہوئی


۔۔۔۔۔۔


دیکھ آئنہ تمثال جبیں دیکھنے والے

گم ہو گئے حیرت کے تئیں دیکھنے والے


کیا سوچیں تری سوچ میں ڈوبے ہوئے عشاق

کیا دیکھیں رخِ ماہِ مبیں دیکھنے والے


۔۔۔۔۔۔


بعید کیا کہ مری خاک بھی دمک اٹھے

کہ اس چراغ کی جھلمل کے ساتھ میں بھی تو ہوں


فقط یہ آنکھ نہیں ان کی دید کو بے تاب

وفورِ جزب سے مشکل کے ساتھ میں بھی تو ہوں


۔۔۔۔۔۔


بخشا ہے اس نگاہ نے ایسا یقیں مجھے

حیرت سے دیکھتے ہیں سبھی نکتہ چیں مجھے


جو کچھ ملا حضور کے صدقے سے ہے ملا

اور جو نہیں ہے اس کی ضرورت نہیں مجھے


یہ سوچ کر ہے کپکپی طاری وجود پر

دیکھے گا کس نگاہ سے ماہِ مبیں مجھے

۔۔۔۔۔۔


حکمت یہ ہے کہ رب کی حمایت بھی ساتھ ہے

عظمت یہ ہے کہ اذنِ الہی ہے ان کی نعت


ان کی ثنا ہے حاصلِ اصواتِ گوش و لب

حرف و بیاں کی پشت پناہی ہے ان کی نعت

۔۔۔۔۔۔

نیند اِسے خواب کے زندان سے لے کر بھاگی

پھر مرا خواب گرفتار مدینے سے ہوا

۔۔۔۔۔۔

مستحق ہوں کہ نہیں مجھ کو مگر چاہیے ہے

آپ کی ایک فقط ایک نظر چاہیے ہے


وقت کو موڑیے سرکار سے ملنا ہے مجھے

اور ملاقات زمانوں سے اُدھر چاہیے ہے

۔۔۔۔۔۔


بنتا ہی نہیں تھا کوئی معیارِ دو عالم

اس واسطے بھیجے گئے سرکارِ دو عالم


مزید دیکھیے[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

اپنے ادارے کی نعتیہ سرگرمیاں، کتابوں کا تعارف اور دیگر خبریں بھیجنے کے لیے رابطہ کیجئے۔Email.png Phone.pngWhatsapp.jpg Facebook message.png

Youtube channel click.png
اس سال کی کچھ اہم کتابیں

اس سیکشن میں اپنے کتابیں متعارف کروانے کے لیے "نعت کائنات" کو دو کاپیاں بھیجیں

"نعت کائنات " پر اپنے تعارفی صفحے ، شاعری، کتابیں اور رسالے آن لائن کروانے کے لیے رابطہ کریں ۔ سہیل شہزاد : 03327866659
نئے صفحات