خدا کے بعد کس کو دو جہاں کا ناخدا کہیے ۔ خیال آفاقی

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


شاعر: خیال آفاقی

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

خدا کے بعد کس کو دو جہاں کا ناخدا کہیے

محمد مصطفیٰ کہیے، محمد مصطفیٰ کہیے


وہی آقا، وہی مولا، وہی ماوا، وہی ملجا

انہیں یہ سب نہ کہیے تو بھلا پھر اور کیا کہیے


وہی ہیں رحمتِ عالم، وہی ہیں محسنِ اعظم

انہی کو امتِ عاصی کا بس اک آسرا کہیے


کوئی پوچھے گزاریں زندگی کس کے نمونے پر

تو ان کا نام لیجیے اور پھر صلِ علیٰ کہیے


دلوں کو جیتنا ہے تو محبت کیجیے سب سے

یہی سنّت ہے اس کو طرزِ محبوبِ خدا کہیے


نظامِ مصطفیٰ ہی امنِ عالم کی ضمانت ہے

وہ مغرب ہو کہ مشرق ہر جگہ پر برملا کہیے


مرے سرکار کے جو گیت گاتا ہے زمانے میں

خیال بے نوا کو بھی اسی کا ہم نوا کہیے