تا حشر سرخرو ہیں کسی کی نظر سے ہم ۔ افضل فقیر
نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search
شاعر: افضل فقیر
نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]
تا حشر سُرخرو ہیں کسی کی نظر سے ہم
خیر الاُمم ہیں نسبت خیر البشر سے ہم
پا بوسئ رسول سے جو سرفراز ہے
گزرے تصورات میں اس رہگزر سے ہم
کیا شانِ التفات پیمبرﷺ ہے، جس کے بعد
ہیں بے نیاز دہر کے چارہ گر سے ہم
ہم بے کسوں پہ آپﷺ کی رحمت ہے بیشتر
کم تر نہیں جہاں میں کسی تاجور سے ہم
آلام روزگار سے دامن پہ جو گرا
عشق نبی ﷺمیں ہیں خجل اس اشکِ تر سے ہم
لے جا اڑا کے طیبہ کی جانب ہوائے شوق
ہیں عرصہ حیات میں بے بال و پر سے ہم
جان فقیر مست و دام حضورﷺ ہے
رکنے نہ پائے جسم کے دیوار و در سے ہم