امین آپ امانت کی آبرو بھی آپ۔ مشاہد رضوی

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search

ANL Mushahid Razvi.jpg

مشاہد رضوی
مضامین
شاعری

شاعر: مشاہد رضوی

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

امیٖن آپ امانت کی آبرو بھی آپ

صبیح آپ ، صباحت کی آبرُو بھی آپ

ملیح آپ ، ملاحت کی آبرُو بھی آپ

ہوا ، نہ ہے ، نہ کبھی ہوگا آپ سا کوئی

وجیہ آپ ، وجاہت کی آبرُو بھی آپ

سعادتوں نے سعادت ہے آپ سے پائی

سعید آپ ، سعادت کی آبرُو بھی آپ

شرافتوں کو شرافت بھی آپ نے بخشی

شریف آپ ، شرافت کی آبرُو بھی آپ

سراپا آپ کا معمور نکہتوں سے ہے

نفیس آپ ، نفاست کی آبرُو بھی آپ

زبان گنگ فصیحانِ کائنات کی ہے

فصیح آپ ، فصاحت کی آبرُو بھی آپ

بلاغتوں میں جو یکتا تھے بن گئے گونگے

بلیغ آپ ، بلاغت کی آبرُو بھی آپ

ہر ایک لفظ دلوں میں اترتا جاتا تھا

خطیب آپ ، خطابت کی آبرو بھی آپ

جو قتل کرنے کے درپَے تھے وہ بھی کہتے تھے

امیٖن آپ ، امانت کی آبرُو بھی آپ

ہمارا ایماں ہے ایمانِ ابّ و جد پہ ، حضور

نجیب آپ ، نجابت کی آبرُو بھی آپ

’’نہیں ‘‘کا لفظ نہیں سنتا آپ کا منگتا

کریم آپ ، کرامت کی آبرُو بھی آپ

قسیمِ نعمتِ رب آپ ہیں مرے آقا

کفیل آپ ، کفالت کی آبرُو بھی آپ

ہزار جرم و خطا بھی ہوئے تو غم کیا ہے؟

شفیع آپ ، شفاعت کی آبرُو بھی آپ

عطا کریں مرض معصیت کی آقا شفا

طبیب آپ ، طبابت کی آبرو بھی آپ

بروزِ حشر مشاہدؔ کے ، پیشِ ربِّ جلیل

وکیل آپ ، وکالت کی آبرُو بھی آپ

٭

مزید دیکھیے[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]