اللہ اللہ اے فلک تو دیکھ شان مصطفی ۔ افضل فقیر

نعت کائنات سے
Jump to navigationJump to search


شاعر: افضل فقیر

نعتِ رسولِ آخر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم[ترمیم | ماخذ میں ترمیم کریں]

اللہ اللہ اے فلک تو دیکھ شان مصطفیﷺ

چومتے ہیں سب ملائک آستان مصطفیﷺ


کیوں بشر عاجز نہ ہو وصف شہ لولاک میں

خود ہے جب خلائق عالم مدح خوان مصطفیﷺ


ہے مدینہ کو شرف بس گلشن فردوس پر

بس گیا خوشبوئے قرآں سے مکان مصطفیﷺ


افتخار اولیا ، تاج سرور انبیاء

رونق باغ ارم روح روان مصطفیﷺ


روضئہ اقدس پہ ہے کیا نور ہر دم جلوہ گر

چومتی ہیں خلد سے حوریں مکان مصطفیﷺ


آیہ تطہیر [1] کس کی شان میں نازل ہوئی

مرتبہ کس کا یہ ہے جز خاندان مصطفیﷺ


گرد پھرتی ہے نسیم خلد با شوق تمام

چومنے کو روضئہ عنبر فشان مصطفیﷺ


جب قدم پہنچا سر معراج اس سردار کا

بن گیا عرش بریں فرش مکان مصطفیﷺ


رونق بستان جنت سے سرور باغ ارم،

شافع روز جزا قربان شان مصطفیﷺ


باعث ایجاد عالم مالک ہر دو سرا

کاشف اسرار حق معجز بیان مصطفیﷺ


مخزن علم الہی مصدر لطف خدا،

مظہر اسرار خالق ہے زبان مصطفیﷺ


جب سوا نیزہ قریب آئے گا سر پر آفتاب

حشر میں سایہ فگن ہوگا نشان مصطفیﷺ


یا الہی ، جلد دیکھے روضۂ اقدس فقیرؔ

چوم لے آنکھوں سے چل کر آستان مصطفیﷺ